پٹنہ،14اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کا سیمانچل علاقہ اس وقت سیلاب کی زد میں ہے۔ نیپال میں مسلسل ہو رہی بھاری بارش اور سیمانچل کے اضلاع میں بھی ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے پورنیہ، ارریہ، کشن گنج اور کٹیہار میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے پیر کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا ہوائی سروے کیا۔ نتیش نے سیلاب سے نمٹنے کے لئے اورمتاثرہ لوگوں کے لئے چل رہے امدادی کام کا جائزہ بھی لیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ہی سیلاب کے معاملے پر وزیر اعلی نتیش کمار سے بات کی۔پی ایم نے نتیش کمار کو مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مرکز کی طرف سے ابھی این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست کی ایس ڈی آرایف بھی امدادی کام میں لگی ہوئی ہے۔
غور طلب ہے کہ علاقے میں ہو رہی مسلسل بارش کی وجہ سے کشن گنج ضلع میں کہرام مچا ہوا ہے۔ ایک طرف جہاں سینکڑوں دیہات میں پانی گھس گیا ہے، وہیں شہری علاقوں میں بھی دو سے 3 فٹ پانی بھرا ہوا ہے۔ کشن گنج کے سب سے متاثر علاقوں میں کوچادھامن، ٹھاکرگنج اور دگھل بینک ڈویژن ہے۔ متاثرہ لوگوں کو اپنے گھر کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر جانا پڑا ہے۔کشن گنج اسٹیشن کے علاوہ ارریہ کے فاربس گنج اسٹیشن میں بھی پانی گھس چکا ہے، جس سے ریل سروس بری طرح متاثر ہے۔ دہلی - گوہاٹی اور کولکاتہ - گوہاٹی راستے پر کئی اہم ٹرینوں کی آمد متاثر ہوئی ہے۔اسی درمیان نتیش نے اتوار کو بھی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے سیلاب کی صورتحال پر فون پر بات کی اور صورت حال سے نمٹنے کے لئے فوج کی مدد مانگی۔ غور طلب ہے کہ مشرقی اتر پردیش اور بہار کے سیمانچل علاقے میں ہر سال آنے والی سیلاب ایک بڑا مسئلہ رہتا ہے۔